کوئٹہ (آن لائن)بی این پی ضلع کوئٹہ کے صدر کوئٹہ غلام نبی مری اور کابینہ نے وڈھ کے کشیدہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مہینے سے ہم ریاستی اداروں کو وڈھ کے حالات سے متعلق اپنے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کر رہے تھے اس ضمن میں ہم نے پہیہ جام ہڑتال، احتجاجی ریلی اور شٹر ڈاؤن کرکے دہشت گرد گروہ کے عزائم کو آشکار کرنے کی مسلسل کوشش کی مگر کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اور بدھ کو ڈیتھ سکواڈ کی جانب سے شدید فائرنگ کرکے شہر میں خوف و ہراس پھیلایا گیا جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی پارٹی نے رد عمل پر شاہراہوں کو بند کیا مگر سردار اختر مینگل کے کہنے پرشاہراہ کھول دی گئیں بیان میں کہاگیا کہ بلوچستان کا مسئلہ بندوق اور طاقت کے بل پر حل نہیں ہو سکتا اس کے لئے گفت و شنید کا راستہ اپنایا جائے ریاست کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے بظاہر تو ہم حکومت کے اتحادی ہیں لیکن حکومت کے پاس کتنے اختیارات ہیں یہ بھی سب جانتے ہیں اصل اختیار جن قوتوں کے پاس ہے وہ ڈیتھ سکواڈ کو فری ہینڈ دینے کے علاوہ فنڈز بھی مہیا کر رہے ہیں اس لئے ریاست اور ان کے پالیسی سازوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عقل و شعور اور انصاف کی بنیادوں پر پالیسیاں تشکیل دیتے ہوئے دہشت گردوں اور ڈیتھ سکواڈ کی سرپرستی سے ہاتھ اٹھا لیں۔