پاکستان شاہینز نے ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو 60 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔
اتوار کے روز ہونے والے فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ بھارت اے اور بنگلہ دیش اے کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
جمعہ کے روز پی سارا اوول میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 50 اوورز میں 322 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جس میں عمیر بن یوسف کے 88 اور کپتان محمد حارث کے 52 رنز نمایاں تھے۔
جواب میں سری لنکا اے کی ٹیم 262 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ارشد اقبال نے 37 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان شاہینز کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، یہ دونوں بالترتیب 22 اور 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
عمیر بن یوسف نے ذمے داری سے کھیلتے ہوئے 79 گیندوں پر 88 رنز اسکور کیے، جس میں 1 چھکا اور 10 چوکے شامل تھے، انہوں نے طیب طاہر کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 61 رنز کا اضافہ کیا، طیب طاہر نے26 رنز بنائے۔
کپتان محمد حارث اور مبصر خان کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں بننے والے 73 رنز ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہوئے۔
محمد حارث نے 43 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 52 رنز اسکور کیے، ان کی اس اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔
مبصر خان نے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے جبکہ محمد وسیم جونیئر نے 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا اے کی طرف سے لاہیرو سمارا کون اور چامیکا کرونارتنے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا اے کی 3 وکٹیں 33 رنز پر گرگئی تھیں، اس مرحلے پر اوپنر اوشکا فرنینڈو اور ساہن اراچیگے نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 124 رنز کا اضافہ کیا۔
اوشکا فرنینڈو 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 97 رنز بناکر سفیان مقیم کی گیند پر حارث کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔
ساہن اراچیگے بھی صرف 3 رنز کی کمی سے لسٹ اے ون ڈے میچوں میں اپنی پہلی سنچری اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور 12 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 97 رنز بناکر مبصر خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان شاہینز کی طرف سے ارشد اقبال کی 5 وکٹوں کے ساتھ مبصر خان اور سفیان مقیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔