بھارت سے اپنے دوست، دیر بالا کے رہائشی نصراللّٰہ کے پاس پاکستان گھومنے کی غرض سے آئی انجو نے اسلام قبول کر کے نصراللّٰہ سے شادی کر لی ہے۔
گزشتہ روز انجو نے ناصرف اسلام قبول کر کے اپنا نام فاطمہ رکھا بلکہ اپنے دوست نصراللّٰہ سے شادی بھی کر لی۔
انجو کی جانب سے عدالت میں بیانِ حلفی بھی جمع کروایا گیا ہے جس میں انجو کا کہنا ہے کہ اُس کا سابق نام انجو تھا اور عیسائی مذہب سے تعلق تھا، اُس نے خوشی اور اپنی مرضی سے دین اسلام قبول کیا ہے، کسی کی جانب سے زبردستی نہیں ہے اور وہ نصراللّٰہ کو پسند کرتی ہیں۔
انجو نے بیانِ حلفی میں مزید کہا ہے کہ وہ نصراللّٰہ کے لیے ہی بھارت سے پاکستان آئی تھی، اُس نکاح کے وقت 10 تولہ سونا حق مہر رکھا گیا ہے اور اب نصراللّٰہ ہی اُن کا شرعی اور قانونی شوہر ہے۔
جس کے بعد بھارتی خاتون انجو کی نصر اللّٰہ سے شادی کا مبینہ نکاح نامہ بھی سامنے آ گیا ہے۔
اب سوشل میڈیا پر انجو اور نصراللّٰہ کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں اس نوبیاہتا جوڑی کو بلا خوف و فکر پاکستان کے خوبصورت نظاروں کے درمیان سیرو تفریح کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انجو کی جانب سے کھلی فضا میں دوپٹہ لہلہانے اور ڈرون کیمرے کے ذریعے اپنی ویڈیو بنوانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ یہاں بلا خوف و خطر، بغیر کسی دباؤ کے خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ انجو گزشتہ دنوں بھارت سے پاکستان پہنچی تھی۔
پولیس کے مطابق 34 سالہ بھارتی لڑکی انجو کی پاکستان کے 29 سالہ نصراللّٰہ سے فیس بک پر دوستی ہوئی تھی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اپر دیر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ انجو قانونی طور پر وزٹ ویزے پر پاکستان آئی ہے۔