• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واجبات کی عدم ادائیگی، FBR نے پی آئی اے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے

کراچی ( سہیل افضل، افضل ندیم ڈوگر ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نےواجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کردیئے ہیں ذرائع کے مطابق اکاونٹس منجمد ہونے سے قومی ایئر لائن میں بحران کا خدشہ ہے کیونکہ فیول نہ ہونے سے پروازیں منسوخ ہونے کا امکان ہے تاہم ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اکاونٹس کی بحالی کے لئے ایف بی آر سے حکومتی سطع پر رابطے جاری ہیں اکاونٹس بندش سے فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے پر کئی ماہ کے ٹیکسز پر مبنی 2 ارب سےزائد کے واجبات واجب الادا ہیں۔ واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے 53 اکاونٹس گزشتہ برس بھی منجمند کردیئے گئے تھے۔ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے واجبات کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی پر اکاونٹس بحال کئے گئے تھے۔ اس صورتحال میں پاکستان اسٹیٹ آئل نے قومی ائر لائن کی 3 پروازوں کو فیول کی فراہمی سے بھی انکار کر دیا۔ جس کی وجہ سے اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 309، کراچی تا ملتان کی پرواز پی کے 330متاثر ہوئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیول نہ ملنے کے باعث ملتان سے جدہ کی پرواز پی کے 739بھی متاثرہ پروازوں میں شامل ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے اکاونٹس بندش کی تصدیق کی کہ اکاونٹس کی بحالی کے لئے ایف بی آر سے حکومتی سطع پر رابطے جاری ہیں ان کا کہنا تھا کہ اکاونٹس بندش کے باوجود فضائی آپریشن جاری ہے۔اسلام آباد سے حنیف خالد کے مطابق پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی نے اربوں روپے کے بقایاجات ادا نہ کرنے پر پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن کی فراہمی روک دی ہے جس کے نتیجے میں 26 جولائی کو پی آئی اے کی کراچی سے جانے والی 7 پروازیں بھی منسوخ ہو گئی ہیں جن میں کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 370 کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 306 کراچی سے پشاور پی کے 350 کراچی سے کوئٹہ پی کے 310 پی آئی اے کی کراچی سے بہاولپور لاہور جانے والی پرواز پی کے 302 کراچی سے رحیم یار خان جانے والی پرواز بھی منسوخ ہونے والی پروازوں میں شامل ہیں۔ پی آئی اے کی دگرگوں مالی حالت کی بنا پر 26 جولائی 2023کو ملک بھر کے بڑے ہوائی اڈوں پر ہزاروں مسافر رل گئے انہیں ان کی پرواز کے بارے میں پی آئی اے انتظامیہ یہ کہہ کر ٹرخاتی رہی کہ طیارہ دستیاب نہیں ہے، آتے ہی آپ کی روانگی کی پرواز روانہ ہو جائے گی۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ترجمان سے جب اس صورتحال کی تفصیل جاننے کی کوشش کی گئی تو مسٹر عبداللہ نامی ترجمان نے جواب دیا کہ کل بھی ملکی ٹی وی چینل پروازوں کی منسوخی کے غلط ٹکر چلاتے رہے آج بھی ملکی نیوز چینلوں پر چلنے والی خبروں میں صداقت نہیں جب ان کو جنگ نے پیشکش کی کہ وہ پی آئی اے اپنا تحریری موقف جنگ گروپ کو بھجوا دے تو انہوں نے ایسا کرنے کی حامی بھری مگر 26جولائی 2023 گزرنے کے باوجود انہوں نے کوئی موقف فراہم نہیں کیا۔ پی ایس او کی طرف سے کہا گیا کہ ہم اربوں روپے کا فیول پی آئی اے کو دیتے آرہے ہیں مگر ہم بھی حکومتی ادارہ ہیں ہم کب تک پی آئی اے کا بوجھ اٹھاتے رہیں گے کیش نہ ملنے کی بنا پر پاکستان سٹیٹ آئل نے پی آئی اے کے تین طیاروں کو جیٹ فیول نہیں دیا جس کی وجہ سے پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول متاثر ہوا ، پی آئی اے حکومتی لیول پر اس عوامی صورتحال سے عہدہ برآہ ہونے کیلئے کوشاں رہی۔ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے ذمے دو ارب 86کروڑ 40لاکھ روپے کے ٹیکس این ٹی این نمبر0803450پر واجب الادا ہیں۔
اہم خبریں سے مزید