بھارت میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے حوالے سے حکومت کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو ہوگا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان ٹیم کے بھارت جانے کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو اکتوبر نومبر میں بھارت میں آئی سی سی ورلڈ کپ کھیلنا ہے تاہم حکومتی پالیسی کی پابندی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے پر وزیر اعظم کی رائے مانگی تھی جس پر حتمی فیصلے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی تھی۔
کمیٹی میں وزارت خارجہ کے علاوہ وزارت قانون، وزارت مواصلات، آئی ٹی، اطلاعات اور بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
جمعرات کو کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف بھی شریک ہوں گے جو کرکٹ کے معاملات پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔
کمیٹی پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے، احمد آباد میں میچ کھیلنے اور دورے سے قبل جائزہ وفد بھارت بھیجنے کے معاملات پر تبادلہ خیال کرے گی۔