راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا۔
محکمۂ صحت کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی کیسز کی تعداد 37 ہو گئی ہے جبکہ 2469 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈینگی کے 19 مریض ڈی ایچ کیو، 10 مریض ہولی فیملی اسپتال، بے نظیر بھٹو اسپتال میں 2 اور ہارٹ انٹرنیشنل اسپتال میں 1 مریض زیر علاج ہے۔
محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے متعلق 5491 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 5345 کا ازالہ کیا گیا جبکہ 67 شکایات پر کام جاری ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ایک ماہ میں 38 لاکھ سے زائد گھروں کو چیک کیا گیا۔
محکمۂ صحت نے کہا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی پر 492 مقدمات درج کیے گئے اور 150 گھروں کو سیل کیا گیا، 312 چالان ٹکٹ جاری کیے گئے اور 7 لاکھ 27 ہزار 500 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔