بھارت چھوڑنے کا خواب دیکھنے والی طالبہ کو کینیڈا میں ایک مشہور کمپنی نے نوکری کی پیشکش کردی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر کینیڈا سے ایک بھارتی طالبہ کے انٹرویو کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔
اس وائرل ویڈیو میں انٹرویو کے دوران ایکتا نامی طالبہ کو ایک سوال کے جواب میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ’ بھارت چھوڑنا میرا خواب تھا‘۔
جس پر ایک طرف ایکتا کو بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری طرف اس انٹرویو نے ٹرو کالر ایپ کے مشترکہ بانی اور سی ای او ایلن مامیدی کی توجہ بھی حاصل کرلی۔
ایلن مامیدی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اس وائرل ویڈیو کے بارے میں اپنا ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ لوگ اس کا مذاق اڑانے کے لیے اسے غلط سمجھنا چاہتے ہیں جوکہ بالکل غلط ہے!!‘
انہوں نے ایکتا سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ اپنا مذاق اڑانے والے ان مسخروں کی باتوں پر دیہان مت دیں۔ مجھے لگتا ہے کہ آپ زبردست ہیں اور اپنا خواب پورا کر رہی ہیں!
اُنہوں نے بھارتی طالبہ کو نوکری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ پڑھائی سے فارغ ہو جائیں تو ہم آپ کو ’ٹرو کالر‘ کے کسی بھی آفس میں ہمارے پاس کام کرنے کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔