اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے درمیان الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں اراکین کی نامزدگی کیلئے مشاورت شروع ہوگئی ہے ۔عید کے بعد ناموں کو حتمی شکل دے دی جائے گی اس دوران دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا آئین کے مطابق 45دنوں میں یہ تقرریاں ہونا ہیں۔ حکومت کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا بجٹ اجلاس میں بھر پور تعاون پر باقاعدہ طور پر شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اس حوالے سے وزیر اعظم کی طرف سے اپوزیشن کو خیر سگالی اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ہے آئندہ ہفتے پاناما لیکس کی تحقیقات کے واضح ضابطہ کار پر دوبارہ حکومت اپوزیشن کے درمیان مذاکرات شروع ہونے کا عندیہ بھی دے دیا گیا ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اراکین کی نامزدگیوں پاناما لیکس ٹی او آرز پارلیمانی کمیٹی، سیاسی ہم آہنگی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیلئے جمعرات کو وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے پارلیمینٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔