بھارت میں ٹرین اسٹیشن پر ہونی والی معمولی سی لڑائی ایک نوجوان کی جان لے گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے ٹرین اسٹیشن پر دو افراد کے درمیان تکرار ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
پلیٹ فارم پر کھڑے ان دونوں افراد میں سے ایک نے دوسرے کو تھپڑ مارا جس کے بعد وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور ریل کی پٹری پر گر پڑا۔
دریں اثنا وہ اٹھ کر واپس پلیٹ فارم پر آنے کی کوشش کر رہا تھا کہ ٹرین نے اسے روند دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آنجہانی شخص کی شناخت 25 سالہ دنیش راٹھور کے نام سے ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق اویناش مانے اور ان کی اہلیہ شیتل مانے سیون اسٹیشن پر ٹرین سے اترے اور اپنی منزل پر جانے کی تیاری کر رہے تھے کہ اس دوران متوفی کی جانب سے شیتل مانے کو مبینہ طور پر دھکا لگ گیا۔
واقعے کے بعد اویناش مانے طیش میں آگئے اور دونوں کے درمیان تکرار شروع ہوئی۔ اویناش مانے نے دنیش کو اتنی زور سے تھپڑ مارا جس کے باعث وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور ریل کی پٹری پر جاگرا تھا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا۔