جویریہ صدیق...معروف قوال امجد صابری کے یوں اچانک چلے جانے نے سب کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔’فیس بک‘ اور’ ٹوئیٹر‘ پر ان کی تصاویر اور گائی ہوئی قوالیاں پوسٹ کرکے لوگ اپنے غم و رنج کا اظہار کرنے لگے۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ٹوئٹ کیا کہ آج ہم نے ایک بہت خوبصورت انسان اور آواز کو کھو دیا ہے۔میں ان کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے ٹوئٹ کیا اور کہا کہ مشہور قوال امجد صابری کے قتل نے مجھے صدمہ پہنچایا ہے ۔یہ حکومت رٹ اور قانون نفاذ کرنے والے اداروں کی ناکامی ہے۔
وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے ٹوئٹ کیا کہ ان کا گایا ہوا آخری دعائیہ کلام سن کر میری آنکھیں بھر آئیں۔بے شک ہم سب اللہ تعالیٰ کے بندے ہیں اور ہم سب کو اسی کی طرف لوٹ جانا ہے۔
ایم این اے اسد عمر نے ٹوئٹ کیا کہ امجد صابری کو مار دیا گیا کوئی ایک آرٹسٹ کو کیوں مارے گا، ان سے کسی کو کیا ضرر پہنچا ہوگا، ایک اور معصوم جان چلی گی۔
اداکار اور گلوکار بھی امجد صابری کے قتل کی خبر سن کر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔علی ظفر نے ٹوئٹ کیا ۔میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں اپنے غم کا اظہار کرسکوں ۔ انہوں نے اپنی حفاظت کے لیے درخواست کی تھی۔]
گلوکار شہزاد رائے نے ٹوئٹ کیا مجھے یقین نہیں آرہا کہ عظیم قوال امجد صابری اب ہم میں موجود نہیں۔
اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹ کیا بہت ہی بڑا نقصان ہے امجد صابری کا یوں چلے جانا ان کے خاندان کے لیے بہت سی دعائیں۔
بھارتی موسیقار ارمان مالک نے ٹوئٹ کیا۔ مجھے امجد صابری کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا، پتہ نہیں معصوم موسیقار کو کیوں قتل کیا گیا۔ آرٹسٹ تو صرف محبت اور امن کے داعی ہیں۔
صحافی نازیہ میمن نے شعر ٹویٹ کیا
زمانہ بڑے شوق سے سن ریا تھا
ہم خود ہی سوگئے داستان کہتے کہتے
صحافی فیضان لاکھانی نے بھی شعر ٹوئٹ کرکے امجد صابری کو خراج تحسین پیش کیا۔
ایک کہانی ختم ہوئی انجام سے پہلے ہی
یعنی ایک ستارہ ٹوٹا شام سے پہلے ہی