پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ سحر خان اپنے ڈرامہ سیریل ’ایک اور پاکیزہ‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔
جیو انٹرٹینمنٹ کا ڈرامہ سیریل ’ایک اور پاکیزہ‘ شائقین میں بےحد مقبول ہو رہا ہے۔ اس ڈرامے میں ’پاکیزہ‘ کا مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ سحر خان بھی اپنی جاندار اداکاری کے باعث تعریفیں سمیٹ رہی ہیں۔
اب حال ہی میں اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ویڈیو پیغام میں اداکارہ نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے تکلیف دہ تجربات کا اظہار بھی کیا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سحر خان کا کہنا تھا کہ میں کیا کہوں؟ میں نے حال ہی میں ایک اور پاکیزہ کی چوتھی قسط دیکھی ہے۔ شوٹنگ کے دوران ہم سب بہت افسردہ اور پریشان رہتے تھے کیونکہ مناظر نہایت شدید اور اداکاری کے لحاظ سے بہت بھاری تھے۔
انہوں نے کہا کہ سچ کہوں تو قسط دیکھنے کے بعد بھی وہی درد اور تکلیف محسوس ہو رہی ہے جو شوٹنگ کے وقت تھی۔ میں بیان نہیں کر سکتی، بہت کچھ کہنا چاہتی ہوں مگر خاموش رہوں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ میں آپ سب کی شکر گزار ہوں کہ آپ اس ڈرامے کو اتنی حساسیت کے ساتھ دیکھ رہے ہیں اور ہمیں بے پناہ محبت دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سحر خان کے مداح سوشل میڈیا پر ایک اور پاکیزہ میں ان کی اداکاری کو بے حد پسند کر رہے ہیں اور ان کے لیے محبت اور حمایت کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔