گھوٹکی کے علاقے اوباڑو میں مبینہ طور پر پسند کی شادی کرنے کے خلاف جرگہ کیا گیا۔ مبینہ جرگے میں فریق پر 10 لاکھ روپے جرمانہ اور اس کی کمسن بھتیجی کو ونی کیا گیا۔
پولیس نے جرگہ کرنے والے 16 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق اوباڑہ کے علاقے لکھ پور میں غلام رسول بھٹو نامی شخص نے 7 سال قبل پسند کی شادی کی تھی۔ غلام رسول بھٹو نے اپنی ویڈیو میں بتایا تھا کہ اس نے 7 سال قبل اپنی برادری میں پسند کی شادی کی۔
غلام رسول بھٹو کا کہنا ہے کہ لڑکی کے ورثاء اس کی جان کے دشمن بن گئے 15 روز قبل جرگہ کرکے اس پر 10 لاکھ روپے جرمانہ اور اس کی کمسن بھتیجی کو ونی کرنے کا حکم سنایا۔
غلام رسول نے الزام عائد کیا کہ لڑکی کے ورثاء نے اس کی ایک دکان مسمار کردی۔ اسے گھر سے بے دخل کردیا اور گھر کا سامان و مویشی بھی لے گئے۔
پسند کی شادی کرنے والے شخص نے اعلیٰ حکام سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔