کراچی(اسٹاف رپورٹر) نگراں صوبائی وزیر برائے بلدیات، ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ کراچی غیر قانونی عمارتوں کا جنگل بن چکا ہے۔ یہاں گرائونڈ پلس ون کی اجازت پر آٹھ منزلیں بن جاتی ہیں ۔ سنا ہے ایس بی سی اے میں ایک 12گریڈ کا افسر 20 گریڈ کے افسر کو دو دن میں ہٹا دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنےایک انٹرویو میں کیا ۔محمد مبین جمانی نے کہا کہ عمارتوں، گھروں اور کمرشل پلازہ پر نقشوں کی پابندی عارضی اور چند دن کی ہے اور کچھ روز میں یہ پابندی ختم کردی جائیگی ۔سسٹم کا نام سنا ہے لیکن دیکھا کسی نے نہیں ہے۔ ہم ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) اور ایس بی سی اے کے افسران کی ایک کمیٹی بنائینگے تاکہ لوگوں کے جائز کام باآسانی ہوسکیں۔