میٹا نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹس فیس بک اور انسٹاگرام پر موجود چینی نظریے سے متاثرہ ہزاروں اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، میٹا نے تقریباً 7,700 فیس بک اکاؤنٹس اور 954 پیجز، 15 گروپس اور 15 انسٹاگرام اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر دیا ہے جن پر امریکا، مغربی خارجہ پالیسیوں اور چینی حکومت کے ناقدین کو تنقید بناتے ہوئے چین کے بارے میں مثبت تبصرے کر رہے تھے۔
چین سے شروع ہونے والے اس نیٹ ورک نے دنیا بھر کے کئی خطوں کو نشانہ بنایا ہے جن میں تائیوان، امریکا، آسٹریلیا، برطانیہ اور جاپان شامل ہیں۔
یاد رہے کہ میٹا نے گزشتہ سال کے آخر میں ایک غیر سرکاری تنظیم پر حملے کے بعد اس کارروائی کی تحقیقات شروع کی تھیں۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، ان تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کے سوشل میڈیا پر چینی نظریے سے متاثرہ ایک مہم چلائی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے میٹا کے گلوبل تھریٹ انٹیلی جنس لیڈ بین نیمو نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ میٹا نے اس سے پہلے کبھی بھی ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں اکاؤنٹس ڈیلیٹ نہیں کیے۔
اُنہوں نے بتایا کہ جس مہم کے بارے میں ہمیں تحقیقات کے دوران پتا چلا وہ سوشل میڈیا پر موجود اب تک کی سب سے بڑی خفیہ مہم تھی جسے ہم نے ہزاروں کی تعداد میں اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرکے روکا۔
میٹا کے حکّام کا خیال ہے کہ چینی نظریے سے متاثرہ یہ یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام، ایکس، ریڈ اِٹ، ٹک ٹاک، کورا، میڈیم اور ویمو سمیت تقریباََ 50 سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلی ہوئی ہے۔