• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1 ارب سے زائد کی کرپشن کے الزام میں محمد خان بھٹی گرفتار

قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو گرفتار کرلیا۔

نیب نے انہیں گوجرانوالا جیل سے حراست میں لیا، انہیں 4 ستمبر کو احتساب عدالت لاہور میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا۔ محمد خان بھٹی پر تعمیراتی ٹھیکوں میں ایک ارب سے زائد رقم بطور کک بیک لینے کا الزام ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو تعمیراتی ٹھیکوں میں 1 ارب روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا، انہیں سینٹرل جیل گوجرانوالا سے حراست میں لیا گیا۔

ملزم پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے گجرات سمیت دیگر شہروں میں غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔

نیب ذرائع نے مزید بتایا کہ محمد خان بھٹی نے دیگر ملزمان سے مل کر عظمت حیات کو پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ میں بطور ایکسین بھرتی کروا کر استعمال کیا اور شریک ملزموں کی ملی بھگت سے گجرات میں 116 ترقیاتی اسکیمیں منظور کروائیں۔

ملزم نے مبینہ طور پر من پسند کنٹریکٹر عظمت حیات کو ٹھیکوں میں رشوت کےلیے استعمال کیا۔ ملزمان نے ٹھیکے داروں کو کام مکمل ہونے سے قبل ہی مکمل ادائیگیاں کرکے کمیشن وصول کیا جبکہ ان ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی رقوم پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور محمد خان بھٹی کے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل ہوتی رہیں۔

قومی خبریں سے مزید