کراچی (اسٹاف رپورٹر)امراض چشم اور ہڈی و جوڑ کے علاج کیلئے سندھ گورنمنٹ سروسز اسپتال کراچی میں آٹومیٹک ریفریکٹو میٹر، آرتھوپیڈکس ڈرل مشین اور نیومیٹک ٹورنیکیٹ نصب کر دیئے گئے ہیں جس سے سرکاری ملازمین کو دی جانے والی سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔ آٹو میٹک ریفریکٹو میٹر شعبہ امراض چشم میں نصب کیا گیا ہے جبکہ آرتھوپیڈکس ڈرل مشین اور نیومیٹک ٹورنیکیٹ کی تنصیب آپریشن تھیٹر میں کی گئی ہے ۔ مشینوں کا افتتاح منگل کو اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عاشق علی شیخ نے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ شعبہ امراض چشم کے سربراہ ڈاکٹر نادر علی ملک، شعبہ امراض ہڈی و جوڑ کے سربراہ ڈاکٹر پیر مجتبیٰ شاہ سمیت انتظامیہ اور فیکلٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔