• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چہلم جلوس کے روٹ کی ا سپیشل چیکنگ کی جائے گی ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر) سعد بن اسد نے کہاکہ حضر ت امام حسین ؓکے چہلم کے مو قع پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکارسکیورٹی پر مامور ہوں گے۔شہر بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کی جائے گی جبکہ جلوس کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت امام حسین ؓ کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوئٹہ محمد انور کاکڑ ،ایس پی سیکورٹی سید عظمت حسین ،بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر انجینئر جواد رفعی کے علاؤہ اسپیشل برانچ ،کیسکو،سوئی سدرن ،اہم سی کیو اور واسا کے افسران کے علاؤہ دیگر عہدیداران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہاکہ چہلم کے موقع پر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کنٹرول روم موجود رہیں گے،انہوں نے کہاکہ جلوس کے آغاز اور اختتام میں وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے،جلوس کے راستے میں آنے والے تمام چھوٹے بڑے راستوں اور گلیوں کو خاردار تار لگا کربند کیا جائیگا، جلوس کے روٹ کی ا سپیشل چیکنگ کی جائے گی اور جلوس کے روٹ کو بم ڈسپوزل سکواڈکلیئر کریگا،اسی طرح جلو س کی ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ شہر کو بالخصوص جلوس کے مقرر روٹس مکمل سیل کر دئیے جائیں۔داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے،جلوس کے راستے میں زیر تعمیر عمارتوں کے ملبہ کو ہٹانے اور جلوس کے راستوں میں صفائی اور لائٹس کا خصوصی بندوبست کیا جائے جبکہ اس دوران لوڈ شیڈنگ کے اوقات کار میں تبدیلی کی جائے گی۔
کوئٹہ سے مزید