کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے خالصتان تحریک اور غیر ملکی مداخلت جیسے ایشوز پر کئی برس میں کافی بات ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس کے اختتام پر کینیڈین وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو کی اور خالصتان تحریک اور غیر ملکی مداخلت کے بارے میں بیان دیا۔
جسٹن ٹروڈو نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی سے ان دونوں ایشوز پر کئی برسوں سے کافی بات ہوئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کینیڈا ہمیشہ آزادی اظہار رائے اور پُرامن احتجاج کی آزادی کا دفاع کرے گا۔
کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ کینیڈا کےلیے آزادی اظہار رائے، ضمیر کی آزادی اور پُرامن احتجاج کا حق بہت اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا ہمیشہ تشدد اور نفرت کے خاتمے کے مؤقف کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، کچھ لوگوں کے اقدامات پوری کمیونٹی یا کینیڈا کی نمائندگی نہیں کرتے۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کے احترام کی اہمیت کو اُجاگر کیا ہے۔