کولمبو میں کرکٹ کے لیے حالات سازگار نہیں ہیں، پاکستان اور بھارت کا میچ آج بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
کولمبو میں رات گئے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے اور بادل چھائے ہوئے ہیں، تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔
آج سارا دن وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ سہہ پہر کے اوقات میں زیادہ تیز بارش کے امکانات ہیں۔
واضح رہے کہ کولمبو میں جاری اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
گزشتہ روز بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا، جس میں بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔
ایشیاکپ کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کر کے ریزرو ڈے پر منتقل کردیا گیا تھا۔
ریزرو ڈے پر آج وہی سے کھیل شروع ہو گا جہاں گزشتہ روز ختم ہوا تھا۔