کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں بھی پریماداسا اسٹیڈیم مکمل نہ بھر سکا۔
مہنگے ٹکٹ تماشائیوں کی عدم دلچسپی کی وجہ قرار دی جارہی ہے۔ ایک دن پہلے میزبان سری لنکا اور بنگلہ دیش کے میچ میں بھی اسٹیڈیم خالی تھا۔
سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند ماہ میں سری لنکا میں اتنی زیادہ کرکٹ ہوئی ہے کہ مقامی تماشائی اس میں دلچسپی نہیں لے رہے۔
ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پاک بھارت میچ میں تماشائیوں کی تعداد کم ہونے کے بعد ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے۔
پریماداسا اسٹیڈیم کے ’سی‘ اور ’ڈی‘ اپر بلاک کی قیمت ایک ہزار اور لوئر بلاک کی قیمت 5 سو سری لنکن روپے مقرر کی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق پاکستان اور بھارت سے کردیا گیا۔البتہ ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ قیمت میں کمی کا اطلاق فائنل میچ کے لیے نہیں ہوگا۔