• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، سرکاری اسپتال میں جعلی ڈگری اور ڈومیسائل پر برطرفی کے باوجود ملازم نوکری پر برقرار

کراچی(اسد ابن حسن) کراچی میں بچوں کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال نیشنل انسٹیٹیوٹ اف چائلڈ ہیلتھ (این ائی سی ایچ) میں تعینات بااثر ملازم ملک زریاب حیات ٹوانہ کی میٹرک کی ڈگری اور اس کا ڈومیسائل جعلی ثابت ہو چکے ، تاہم وہ پھر بھی نوکری پر برقرار ہے، اس ملازم کو متعدد بار شوکاز نوٹسز اور میمو جاری کئے گئے اور اب بھی اس کے خلاف ایک انکوائری جاری ہے مگر معطلی کے باوجود وہ دھڑلے سے اسپتال میں آکر اور حاضری لگا کر اسپتال کے انتضامی معاملات میں مبینہ مداخلت میں ملوث پایا جاتا ہے، اسپتال کی اعلی انتظامیہ اس کے سامنے بے بس ہے کیونکہ اس کو اعلی سیاسی شخصیات اور سرکاری حکام کی اشیرباد حاصل ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر سڈل کا کہنا تھا کہ زریاب ابھی بھی معطل ہے مگر وہ حاضری لگانے ضرور آتا ہے اور اس کا کیس محکمہ صحت میں زیر التوا ہے۔ مذکورہ معاملے پر موقف دیتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سندھ حکومت ڈاکٹر حمید جمانی کا کہنا تھا کہ زریاب کے خلاف انکوائری ایک کمیٹی کر رہی ہے جس کے سربراہ وہ ہیں اور مزید کہا کہ انکوائری ابھی جاری ہے۔ زریاب ٹوانہ نے اپنے خلاف ہونے والی انکوائری کی تصدیق کی اور کہا کہ اس نے اپنے اسپتال میں نہیں "این ائی سی وی ڈی" میں بہت بڑی کرپشن کو بے نقاب کیا تھا اور کیونکہ میں "کرپشن" کو بے نقاب کر رہا ہوں اس لیے لوگ میرے خلاف ہو گئے ہیں۔ میں تمام دستاویزی ثبوت انکوائری کمیٹی میں پیش کروں گا۔

ملک بھر سے سے مزید