کراچی(نیوز ڈیسک)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی(جے ایس ایم یو) اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے ایک مفاہمتی یادداشت(ایم او یو)پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد یونیورسٹی کے طلبہ میں فنون، ثقافت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اس یادداشت پر جامعہ کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان اور آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے دستخط کیے۔ اس تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سہراب زمان بھی موجود تھے۔ یہ شراکت داری یوتھ ایمبیسیڈر پروگرام(وائے اے پی) کی بنیاد ہے جوجے ایس ایم یوکے طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں، ثقافتی شمولیت، اور پیشہ ورانہ ترقی کو پروان چڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے۔ اس اقدام کے تحت طلبہ کو ورکشاپس، تربیتی نشستوں اور نمائشوں کے ذریعے اپنی فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ دونوں ادارے مہارت بڑھانے والی ورکشاپس، سیمینارز، اور نیٹ ورکنگ تقریبات کے انعقاد کے لیے مل کر کام کریں گے۔ طلبہ کو جے ایس ایم یو اور اے سی پی کے ایچ آئی کے ذریعے سہولت فراہم کردہ پروگراموں، نمائشوں، اور ثقافتی تقریبات تک خصوصی رسائی حاصل ہوگی۔ اہل طلبہ کو جے ایس ایم یو کی طے کردہ شرائط کے مطابق یوتھ ایمبیسیڈر پروگرام کے لیے نامزد کیا جائے گا۔