• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم کا ٹرمپ کارڈ کون؟ چیف سلیکٹر نے بتادیا

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

بھارتی کرکٹ ٹیم دو روز قبل سری لنکا کو ایشیا کپ کے فائنل میچ میں شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ایشین چیمپئن بنی ہے۔

فائنل میچ میں فاسٹ بولر محمد سراج نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 50 رنز تک محدود رکھا، بھارتی ٹیم نے 51 رنز کا ہدف ساتویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا تھا۔

بھارت کے فاسٹ بولر محمد سراج کو بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر ایشیا کپ کے فائنل میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا جبکہ اسپنر کلدیپ یادیو نے ایونٹ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

کلدیپ یادیو نے ایونٹ کے سپر مرحلے میں پاکستان کے 5 اور سری لنکا کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

حال ہی میں پریس کانفرنس کے دوران بھارت کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے اسپنر کلدیپ یادیو کو ورلڈ کپ کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا ٹرمپ کارڈ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کلدیپ یادیو کے ساتھ انڈین پریمیئر لیگ میں وقت گزارا ہے، وہ خاص مہارت کا حامل ہے، ہر کھلاڑی کو اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے، بھارتی مینجمنٹ نے اس کو اعتماد دیا اور اس نے پرفارم کیا۔

اجیت اگرکر نے کلدیپ یادیو کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر ٹیمیں اسے ایک چیلنج سمجھ رہی ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید