بھارت اور کینیڈا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے باعث بھارت نے کینیڈا کے شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی مشن کا کہنا ہے کہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر بھارتی ویزا کا اجرا اگلے نوٹس تک معطل کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم ویزا فراہم کرنے والی بھارتی کمپنی بی ایل ایس انٹرنیشنل کی جانب سے اس حوالے سے کینیڈین ویب سائٹ پر پیغام جاری کیا گیا کہ بھارتی مشن کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنا پر جمعرات 21 ستمبر 2023 سے، بھارتی ویزا سروسز کو اگلے نوٹس تک معطل کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایک بھارتی اہلکار نے معطلی کی تصدیق کی لیکن مزید بیان دینے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب بھارت نے ویزا کا اجرا معطل کیا ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے موصول ہونے والی دھمکیوں کے پیش نظر کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارت کاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بھارت میں موجود عملے کو عارضی طور پر ایڈجسٹ کیا جارہا ہے۔