پاکستانی معروف اداکارہ، گلوکارہ و سپر ماڈل فضا علی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے آج تک جتنے بھی سیاستدانوں کا انٹرویو لیا وہ سب اپنے پسند کے سوال اور اپنی تعریف کرنے کو کہتے تھے۔
اداکارہ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے نائٹ شو میں بطور مہمان شرکت کی، اس دوران انہوں نے کھلے سرف کی افادیت، لنڈے بازار سے خریدو فروخت کی وجہ اور دلچسپ موضوعات پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی بالی ووڈ فنکار کے ساتھ کام کرنے کی خواہش نہیں رکھتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں اُن کا بتانا تھا کہ آج تک انہوں نے جتنے بھی سیاستدانوں کے انٹرویوز کیے ہیں اُن سب میں ایک بات مشترک تھی کہ سب شو کے سیٹ پر آتے ہی اپنی تعریفیں شروع کر دیتے تھے۔
فضا علی نے انکشاف کیا کہ جب سارے ہی سیاستدان سیٹ پر آ کر بیٹھتے ہیں تو سب میں ایک بات یہ بھی مشترک ہوتی ہے کہ وہ سب سے پہلے تو فرمائش کرتے ہیں کہ مجھ سے متعلق وائرل خبر اور ویڈیو کی کوئی بات نہ کرنا، آپ نے مجھ سے یہ سوال کرنے ہیں ورنہ میں شو سے اٹھ کر چلا جاؤں گا، سیاست دان انٹرویو کے دوران ٹی وی پر اپنی تعریف کرنے کی بھی فرمائش کرتے ہیں۔
اداکارہ نے انٹرویو کے دوران بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ اُنہیں پیسوں کی سخت ضرورت تھی، اُن کی والدہ کینسر کی مریضہ تھیں، انہوں نے لوگوں سے رو رو کر اپنے کام کا معاوضہ مانگا مگر کسی نے اُن کا معاوضہ ادا نہیں کیا۔
فضا علی کا بتانا تھا کہ انہوں نے پھر اپنا پہلا گھر، فلیٹ 18 لاکھ میں خریدا، اور کچھ ہی مہینوں میں 40 لاکھ کا بیچ دیا، کیوں کہ انہوں نے فلیٹ کو بہت اچھا سجایا ہوا تھا اس لیے وہ اتنی اچھی قیمت میں بِک گیا۔