کراچی(اسٹاف رپورٹر)جنوبی فریقاکی ٹیم ورلڈ کپ کی مہم سر کرنے کے لیے ٹیمبا باوما کی قیادت میں بھارت کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئندہ ماہ 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے کرکٹ ٹیمیں بھارت کا رخ کر رہی ہیں۔ پانچ بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا پہلے ہی وہاں پہنچ چکی ہے اور میگا ایونٹ سے قبل میزبان سے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔اب جنوبی افریقانے بھی رخت سفر باندھ لیا اور کپتان ٹیمبا باوما کی قیادت میں بھارت کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ جنوبی افریقاٹیم کے اراکین کا بھارت روانگی سے قبل گروپ فوٹو سیشن ہوا جس میں کھلاڑیوں نے اپنے گلے میں جنوبی افریقی جھنڈے کے اسکارف پہن رکھے تھے۔بھارت روانگی سے قبل قائد جنوبی افریقا ٹیمبا نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی اور پیشرفت کے لیے پرامید ہیں اور ٹیم ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی۔