پاکستان کے مختلف شہروں کے ماحولیاتی نمونوں میں ایک بار پھر پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق خیبر پختون خوا کے شہر ہنگو کے 2 جبکہ کراچی کے 1 ماحولیاتی نمونے میں پولیو کی تصدیق سامنے آئی ہے۔
ہنگو کے سول اسپتال اور جانی چوک سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہنگو میں ملا پولیو وائرس جینیاتی طور پر راولپنڈی سے ملے وائرس سے ملتا جلتا ہے۔
حکام کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ پاکستان میں اب تک 27 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق سامنے آئی ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم آئندہ ماہ 2 اکتوبر سے شروع ہو گی۔
2 اکتوبر سے 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کاہدف ہے جبکہ 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو وٹامن اے بھی دیا جائے گا۔
انسدادِ پولیو مہم کے دوران ساڑھے 3 ہزار اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔