حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے شادی کے موقع پر اپنی آنجہانی ’نانی ماں‘ کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پرینیتی چوپڑا اپنی شادی پر مشہور بھارتی فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کا ڈیزائین کیا ہوا ہلکے سنہری رنگ کا خوبصورت لہنگا پہنے بہت دلکش لگ رہی تھیں۔
منیش ملہوترا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر پرینیتی چوپڑا کی شادی کے اس خوبصورت لہنگے کے بارے میں کچھ دلچسپ تفصیلات بتائی ہیں۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بتایا ہے کہ کچھ باتیں اس شادی کے جوڑے کو مختلف بناتی ہیں، مجھے پرینیتی چوپڑا کے ساتھ لہنگے کے ڈیزائین کے بارے میں ہونے والی گفتگو واضح طور پر یاد ہے جب اداکارہ نے اپنی نانی کا ’چھلا‘ لہنگے کے ڈیزائین میں شامل کرنے کا ذکر کیا تھا۔
منیش ملہوترا نے بتایا کہ پرینیتی اپنی نانی کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہتی تھیں جو چابیوں کے ساتھ ساڑھی میں ایک ’چھلا‘ پہننے کی عادی تھیں جو پرانے زمانے میں گھریلو خاتون ہونے کی علامت تھی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب پرینیتی کی نانی گھر میں گھومتی تھیں تو ان کےچھلے کی آواز اداکارہ کے لیے طاقت بھری دھن تھی۔
منیش ملہوترا نے بتایا کہ جب میں جانتا تھا کہ ہمیں پرینیتی کے لہنگے میں ان کی نانی کی میراث کے اس ٹکڑے کو شامل کرنا ہے تو ہم نے اس چھلے میں کچھ مزید عناصر شامل کیے جوکہ راگھو اور پرینیتی دونوں کے لیے اہم تھے جیسے کہ لندن، موسیقی، کھنڈا صاحب۔