حال ہی میں بھارتی سیاستداں راگھو چڈھا کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی شادی کی تصاویر سامنے آ گئیں۔
پرینیتی چوپڑا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی شادی کی تقریب کے کچھ یاد گار لمحات کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
اداکارہ کی شادی کی تصاویر کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور شادی کے جوڑے کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
پرینیتی چوپڑا کی شادی کے جوڑے میں سب سے زیادہ جو چیز مداحوں کو اچھی لگی وہ تھا ان کا دوپٹہ جس کے اوپر کڑھائی سے ’ہندی زبان‘ میں ان کے شوہر ’راگھو چڈھا‘ کا نام لکھا ہوا تھا۔
اداکارہ کے لیے شادی کا یہ جوڑا مشہور بھارتی ڈیزائنر منیش ملہوترا نے ڈیزائن کیا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور بھارتی سیاستدان راگھو چڈھا گزشتہ روز اُدے پور میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔
اس جوڑے کی شادی کی مختلف تقریبات کا آغاز دہلی میں ایک دعائیہ تقریب سے ہوا تھا، جس کے بعد صوفی نائٹ منعقد ہوئی جس میں صرف قریبی دوست اور خاندان کے افراد موجود تھے۔
بعد ازاں اُدے پور میں شادی سے قبل جمعے کو مہندی اور پھر ہلدی کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔