• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹاک شو میں جھگڑا: سینیٹر افنان اللّٰہ کی درخواست پر شیر افضل مروت کیخلاف مقدمہ درج


نجی ٹی وی ٹاک شو میں جھگڑے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر افنان اللّٰہ کی درخواست پر شیر افضل مروت کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ تھانہ آبپارہ میں دفعہ 506، 352 کے تحت درج کیا گیا، سینیٹر افنان اللّٰہ نے شیر افضل مروت کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی تھی۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ ٹی وی پروگرام میں مجھے بطور مہمان بلایا گیا تھا، شیرافضل نےحملہ کیا،  شیر افضل مروت نےمجھے جان سے مارنےکی دھمکیاں دیں، واقعے کی ویڈیو اور ثبوت موجود ہیں۔

مقدمہ کے متن میں کہا گیا کہ شیر افضل مروت نے مجھ پر حملہ کرنے سے متعلق ٹویٹ بھی کیا، ملزم شیر افضل مروت کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ایک نجی ٹی وی چینل پر سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کا پروگرام اکھاڑا بن گیا تھا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین کے وکیل شیر افضل مروت اور مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر افنان اللّٰہ دھینگا مشتی پر اتر آئے تھے۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران دونوں رہنما ایک دوسرے پر پل پڑے، پہلے دھکے دیے، ایک دوسرے کو تھپڑ دے مارے اور مکوں کی بارش کردی۔

پروگرام کے سیٹ پر موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کروایا تھا اور دونوں کو علیحدہ کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید