لاہور(خالدمحمودخالد)بھارت کے سابق وزیراعظم اور کانگریس کے اہم لیڈر 91سالہ ڈاکٹر من موہن سنگھ نے پاکستان میں ضلع چکوال میں اپنے آبائی گاؤں ʼگاہ جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ نئی دہلی سے فون پر جنگ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کہا کہ اپنی جنم بھومی دیکھنے کےلئے چکوال جانا چاہتا ہوں جہاں ان کا بچپن گزرا۔ انہوں نے کہا کہ 26 ستمبر کو اپنی سالگرہ کے موقعہ پر وہ اپنی فیملی کے ساتھ پاکستان میں اپنی پیدائش کی باتیں کرتے رہے۔ ان کی اہلیہ گورشرن کور کا تعلق جالندھر سے ہے وہ بھی چکوال جانے کی خواہش مند ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ان کے کئی دوست ہیں جو انہیں چکوال کی ریوڑھیاں بھیجتے ہیں۔