• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر کے انتخاب میں دوبارہ حصہ نہیں لوں گا: مک کارتھی

سابق امریکی اسپیکر کیون مک کارتھی---فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا
سابق امریکی اسپیکر کیون مک کارتھی---فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا

امریکی ایوانِ نمائندگان کے سابق ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی نے دوبارہ اسپیکر کا انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کر دیا۔

برطرفی کی حمایت کرنے والے 8 ری پبلکن اراکین پر مک کارتھی نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر کے انتخاب میں دوبارہ حصہ نہیں لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی شٹ ڈاؤن کو روکنے کے لیے دو طرفہ بات چیت پر کوئی افسوس نہیں، مراعات دینے پر ایک رکن کو مجھے عہدے سے ہٹانے کی تحریک لانے کا موقع ملا۔

مک کارتھی کا کہنا ہے کہ یقین ہے کہ میں نے درست فیصلہ کیا تھا، عہدے سے ہٹائے جانے پر پُرسکون ہوں، امریکی عوام جانتے ہیں کہ میرا فیصلہ درست تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھے معلوم تھا کہ وہ میرے خلاف تحریک پیش کریں گے، مجھے ہٹانے کے لیے ری پبلکن رکن میٹ گیٹس نے ذاتی دلچسپی لی، میرا حکومتی اخراجات سے کوئی لینا دینا نہیں تھا، میٹ نے جوالزامات لگائے ان سے میرا کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ امریکی ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکنز نے عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی کو عہدے سے ہٹا دیا۔

سخت گیر ری پبلکن ارکان کی جانب سے مک کارتھی کے خلاف پیش کی گئی قرار داد پر ایوانِ نمائندگان نے 210 کے مقابلے میں 216 ووٹوں سے اسپیکر کو فارغ کیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کی 234 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایوان نے اسپیکر کے خلاف ووٹ دیا، ہاؤس اسپیکر کو ایسے وقت میں فارغ کیا گیا جب الیکشن میں محض 1 سال باقی ہے۔

مک کارتھی نے حکومتی شٹ ڈاؤن کو روکنے کے لیے دو طرفہ کوششوں کا انتظام کیا تھا، ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس سے تعاون پر سخت گیر ری پبلکن ارکان مک کارتھی سے ناراض تھے۔

مک کارتھی 369 دن اسپیکر رہے

مک کارتھی رواں سال 7 جنوری کو ایوان نمائندگان کے اسپکر منتخب ہوئے تھے، وہ 369 دن عہدے پر رہے جو امریکی تاریخ کی تیسری مختصر ترین مدت ہے۔

اسپیکر کے عہدے پر سب سے کم مدت تھیوڈور پومیرائے نے گزاری، وہ 3 مارچ 1869ء کو صرف ایک دن کے لیے اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔

دوسری مختصر ترین مدت مائیکل سی گیر نے 257 دنوں کے ساتھ گزاری۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید