سکھر (بیورو رپورٹ، چوہدری محمد ارشاد) سکھر میں ہر سال غیر معیاری مشروبات، گلے سڑے پھل فروٹ کے استعمال سے سیکڑوں افراد گیسٹرو کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں اور متعدد مرتبہ گیسٹرو میں مبتلا بچوں کی اموات کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں لیکن حکومت، مقامی انتظامیہ، محکمہ صحت نے کبھی اس کا نوٹس نہیں لیا، شہر کی گنجان آبادی والے علاقوں میں آلودہ مضر صحت پانی سے مشروبات اور برف کی قلفیاں تیار کرنے کے کارخانے موجود ہیں جہاں سے بڑی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر یہ مشروبات اور قلفیاں سکھر شہر سمیت گردونواح کے علاقوں میں فروخت کی جاتی ہیں۔ سستے داموں فروخت ہونے والے ان مشروبات اور برف سے بننے والی قلفیوں کو دکاندار زائد منافع کی لالچ میں فروخت کرتے ہیں اور اس کے استعمال سے بچے بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔