بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور نے اسرائیل کی حامی اپنی بھارتی حکومت کے برعکس غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اُٹھا کر سب کو حیران کر دیا۔
سونم کپور نے اپنی انسٹا اسٹوری پر نکولس کرسٹوف کے تحریر کردہ ایک مضمون کا اقتباس شیئر کیا ہے۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی اس پوسٹ میں اسرائیلی بچوں کی حمایت کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی بچوں پر ہونے والے ظلم کی مذمت بھی کی گئی ہے۔
اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ اگر ہم اسرائیلی بچوں کے لیے اخلاقی ذمے داری کے پابند ہیں تو ہم پر فلسطینی بچوں کے لیے بھی اسی طرح کی اخلاقی ذمے داری عائد ہوتی ہے۔
اس پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ فلسطینی بچوں کی زندگی بھی اسرائیلی بچوں کی زندگی جتنی ہی اہم ہے اور اگر آپ کو صرف اسرائیل یا صرف غزہ میں انسانی زندگی کی پرواہ ہے تو آپ کو درحقیقت انسانی زندگی کی پرواہ نہیں ہے۔
سونم کپور نے اپنی انسٹا اسٹوری پر غزہ کے اسپتال کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، اس ویڈیو میں ایک فلسطینی ڈاکٹر کو غزہ میں موجود فلسطینیوں کی حالتِ زار بتاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے یہ دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’رحم کرو‘۔
ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے فلسطینیوں کو غزہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے لیکن آپ ان ننھے بچوں کی حالت دیکھیں یہ بچے وینٹیلیٹرز پر ہیں ہم اُنہیں ایسی حالت میں یہاں سے کہیں بھی نہیں لے کر جا سکتے۔
ڈاکٹر نے مزید کہا ہے کہ ان بچوں کو یہاں سے کہیں لے کر جانا ناممکن ہے کیونکہ ان کی زندگی کا انحصار وینٹیلیٹرز پر ہے۔
ڈاکٹر نے یہاں تک کہا ہے کہ اگر یہ لوگ ہمیں مارنا چاہتے ہیں تو مار دیں لیکن ہم یہاں اپنا کام جاری رکھیں گے، ہمیں اپنی منتقلی کے لیے دوسری جگہ تلاش کرنے میں کئی دن اور کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
ڈاکٹر نے آخر میں کہا ہے کہ صورتِ حال بہت نازک ہے، ان بچوں کو یہاں سے اس حالت میں دوسری جگہ منتقل کرنا انہیں سزائے موت دینے کے برابر ہے کیونکہ منتقلی کے دوران یہ بچے مر جائیں گے کیونکہ یہ وینٹیلیٹرز پر ہیں جو بجلی اور آکسیجن سے چلتے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 2 ہزار 900 ہوگئی ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں میں 856 بچے بھی شامل ہیں۔