• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیراعظم کی غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ— فائل فوٹو
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ— فائل فوٹو

نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر غزہ کے الاہلی عرب اسپتال پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی فعل ہے، عالمی انسانی قانون اسپتالوں اور طبی عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے، اندھا دھند حملے ختم کیے جائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عالمی برادری تشدد روکنے کے لیے فوری اقدامات کرتے ہوئے ذمے داروں کا احتساب کرے، عالمی برادری اسرائیل کو بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام سے روکے۔

نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ میں نے کچھ عرصے قبل اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ اس معاملے پر گفتگو میں زور دیا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل سے بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام بند کرنے کو کہے۔

اسپتال پر بمباری

واضح رہے کہ غزہ کے الاہلی اسپتال پر اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، بمباری سے اسپتال کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں موجود اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں 600 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

7 اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت جاری

فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔

فسلطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 12 ہزار 500 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں 1000 سے زائد بچے اور ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔

قومی خبریں سے مزید