مسلم لیگ ن نے پارٹی قائد نواز شریف کی آمد کے سلسلے میں نئے ترانے کے اجراء کی تقریب منسوخ کر دی۔
ن لیگ نے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا ہے کہ غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری کی وجہ سے پارٹی ترانے کے اجراء کی تقریب منسوخ کی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ترانے کے اجراء کی تقریب آج لاہور میں منعقد ہونی تھی، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے تقریب میں پارٹی ترانہ جاری کرنا تھا۔
مسلم لیگ ن کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلسطینیوں سے یک جہتی اور بے گناہوں کی شہادتوں پر افسوس کے اظہار کے طور پر تقریب منسوخ کی گئی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما نعیم کریم نے کہا کہ لاہور میں میاں نواز شریف کے استقبال کے لیے بلوچستان سے ن لیگ کے قافلے جمعرات اور جمعے کو روانہ ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کوئٹہ کے قافلے کل بذریعہ سڑک اور جمعے کو بذریعہ ٹرین لاہور جائیں گے، بلوچستان کے دیگر علاقوں سے ن لیگ کے قافلے براہِ راست لاہور پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ غزہ کے الاہلی اسپتال پر اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے، بمباری سے اسپتال کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں موجود اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں 600 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔
فسلطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 12 ہزار 500 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں 1000 سے زائد بچے اور ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔