کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہاہے کہ پولیو فرنٹ لائن ورکرز کی محنت اور لگن کی بدولت صوبے میں گزشتہ 18ماہ سے پولیو کاکوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔پولیو کے خلاف جنگ میں پولیو ورکرز ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں۔صوبے کے نامساعد حالات ،موسمی سختیوں اور آزمائشوں کے باوجود ہمارے پولیو ورکرز اپنے فرائض تندہی اور جانفشانی سے سرانجام دے رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ای او سی کوئٹہ میں پولیو مہم میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ورکرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد،ایریا کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صفدر ،ڈویژنل ٹاسک فورس این اسٹاف افسر ڈاکٹر فرحانہ انجم سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اور فیلڈ افسران موجود تھے۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں ٹیم ورک انتہائی ضروری ہے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے مہم کو کامیاب کرسکتے ہیں۔تمام اسٹک ہولڈرز اسی محنت اور لگن کو جاری رکھیں تو ایک دن ہم پولیو سے پاک ہو جائیں گے اور ہمارے مستقبل کے معمار اس موذی مرض سے ہمیشہ کے لئے محفوظ رہیں گے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو کے خاتمے کے لئے ورکرز کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں کیونکہ یہ ورکرز آپ کے بچے کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔اس موقع پر حمزہ شفقات نے اکتوبر کی پولیو مہم میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افسران اور ورکرز میں تعارفی اسناد تقسیم کیں۔