روم (اے ایف پی) اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے گزشتہ روز اپنے پارٹنر، اپنی بیٹی کے والد سے علیحدگی اختیارکرنے کااعلان کیا ، انہوں نے یہ فیصلہ ایک ٹی وی شو میں اپنے پارٹنر کی جانب سے نازیبا تبصرے کرنے اور بظاہر افیئر کا اعتراف کرنے کے بعد کیا۔جارجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں لکھا کہ میرا آندریا گیامبرونو کے ساتھ تقریباً دس سال پر محیط تعلق یہیں ختم ہو تا ہے،انہوں نے لکھا کہ ان کی راہیں کچھ عرصے سے جدا ہیں۔گزشتہ روز اپنی پوسٹ میں جارجیامیلونی نے ان کا شکریہ ادا کیا کہ ان شاندار سالوں کے لیے جو ہم نے ایک ساتھ گزارے، جن مشکلات سے ہم گزرے اور مجھے اپنی زندگی کی سب سے اہم چیزہماری بیٹی جنیورا دینے کے لیے، جو سات سال کی ہے۔ان کا یہ اعلان ایک ٹیلی ویژن پریزینٹر جیامبرونو کے Rete 4 کمرشل اسٹیشن پر ٹاک شوڈائریو ڈیل جیورنو (ڈیلی ڈائری) کے دوران آف ایئر گفتگو میں خواتین ساتھیوں کے لیے واضح طور پر تبصرے کرتے ہوئے پکڑے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ آندریا گیامبرونوکومنگل اور جمعرات کو مختلف ٹیلی ویژن چینل سے نشر ہونے والے تبصروں میں ایک خاتون کے ساتھ آف ایئر بات چیت میں کہتے ہوئے سنا گیا کہ آپ کیسی ہیں، ڈارلنگ؟ کیا آپ جانتی ہیں کہ میرا اوران کا (نام تبدیل کیا گیا) آپس میں افیئرچل رہا ہے؟ تمام (ٹیلی ویژن کمپنی) میڈیا سیٹ یہ جانتے ہیں، اور اب آپ بھی جانتی ہیں۔ کیا آپ ہمارے ورکنگ گروپ کا حصہ بننا پسند کریں گی؟ ۔46 سالہ جارجیامیلونی ،جو روایتی خاندانی اقدار کا بھرپور دفاع کرتی ہے،رواں ہفتے کے آخر میں اپنی دائیں بازو کی حکومت کی بطور سربراہ اقتدار کا ایک سال مکمل کر رہی ہیں۔جارجیا میلونی کواگست میں اپنے ٹاک شو میں جنسی زیادتی کے حوالے سے تبصروں پرالزامات کی وجہ سے آندریا گیامبرونو کا دفاع کرنے پر مجبور کیا گیا تھا ۔موسم گرما کے دوران دو گینگ ریپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے 42 سالہ آندریا گیامبرونو نے کہا کہ اگر آپ نشے میں دھت ہونے اور اپنے حواس کھونے سے گریز کرتی ہیں، تو آپ بعض مسائل اور بھیڑیے سے ملاقات سے بھی بچ سکتی ہیں۔