چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں پیر کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو مقامی فینز کی سپورٹ حاصل رہی۔
فینز گرین شرٹس پہنے پاکستانی پلیئرز کے حق میں نعرے لگاتے رہے جبکہ بڑی تعداد میں فینز پاکستان کی جرسی پہنے گراؤنڈ میں موجود تھے۔
پاکستان نے چنئی میں افغانستان کے خلاف 7 وکٹ پر 282 رنز بنائے، پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود فینز پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔
گراؤنڈ میں بابر اعظم کے حق میں بھی نعرے لگے اور افتخار احمد کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی ہوئی، ایک موقع پر جب افتخار احمد افغانستان کے بولرز کیخلاف جارحانہ انداز میں بیٹنگ کررہے تھے تو چدم برم اسٹیڈیم میں ’بار بار افتخار‘ کی آوازیں بلند ہو رہی تھیں۔
منتظمین کے مطابق پیر کو میچ کے موقع پر 15 ہزار سے زائد تماشائی اسٹیڈیم میں موجود تھے اور ان میں کئی فینز پاکستان کی گرین شرٹس پہنے بھی موجود تھے۔
میچ کے آغاز سے قبل جیو نیوز سے گفتگو میں متعدد فینز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سپورٹ کا اظہار کیا اور بابر اعظم اور شاہین آفریدی سے اچھے کھیل کی توقع ظاہر کی تھی، اسٹیڈیم کے باہر پاکستان کی گرین شرٹس بھی فروخت ہورہی تھیں۔
ایک بھارتی فین گوتم نے اس موقع پر جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے چنئی میں تاریخی ٹیسٹ فتح اور سعید انور کی 194 رنز کی اننگز بھی دیکھی تھی اور ان کی نیک خواہشات اس بار بھی پاکستان ٹیم کے ساتھ ہے۔
پاکستان ٹیم کو اس سے قبل بنگلورو میں بھی اچھی سپورٹ ملی تھی، جہاں ایک دو ناپسندیدہ واقعات رونما ہوئے وہیں بنگلور کے فینز پاکستانی پلیئرز کیلئے بھی نعرے بازی کرتے رہے تھے۔
چنئی میں ایک اور فین نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ انہیں بابر اعظم اور شاہین آفریدی پسند ہیں اور ان کی طرح بہت سے انڈین کرکٹ فینز کو بابر، شاہین اور رضوان پسند ہیں، ان کی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت ورلڈ کپ کے فائنل میں پھر سے مدمقابل ہوں۔