امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ کے معاملے پر عالم اسلام میں قبرستان کی سی خاموشی ہے۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سراج الحق نے 29 اکتوبر کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے باہر غزہ مارچ کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال پر خاموش رہنا اسرائیل کا ساتھ دینا ہے، حکمرانوں نے ابھی تک غزہ کا ساتھ دینے کا اعلان نہیں کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اسرائیل کا یکطرفہ ساتھ دینے کا اعلان امریکا کی کھلم کھلا دہشت گردی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 18 دن سے غزہ پر بارود کی بارش جاری ہے اور یہ سب سے بڑی جیل بن چکا ہے، مسئلہ فلسطین پر حکمرانوں کی خاموشی شرمناک ہے، وہ خوف اور ڈر میں مبتلا ہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ اور اسرائیلی سفیروں کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو عالمی دہشت قرار دیا جائے، حکمران فلسطینیوں کی عسکری اور مالی امداد کریں ۔
اُن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی مسلم اور دیگر ملکوں کے سفیروں سے رابطے کر رہی ہے۔