• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم ہیڈ کوچ حنیف خان کے بغیر ملائیشیا روانہ

حنیف خان-- فوٹو اسکرین گریب
حنیف خان-- فوٹو اسکرین گریب

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم ہیڈ کوچ حنیف خان کے بغیر ہی ملائیشیا روانہ ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق حنیف خان نے فیڈریشن سے اختلافات کے باعث جانے سے منع کیا جبکہ کوچ شکیل عباسی بھی ٹیم کے ہمراہ ملائیشیا نہیں گئے ہیں۔

سلطان جوہر ہاکی کپ کے لیے پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم آج ملائیشیا روانہ ہوئی، جوہر ہاکی کپ 27 اکتوبر سے 4 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

حنیف خان نے ٹیم کے ساتھ جانے سے کیوں منع کیا؟

 حنیف خان نے کہا ہے کہ صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر نے ٹیم سلیکشن اور ٹیم مینجمنٹ دیکھنے کا کہا، میں نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر ٹیم بنائی اور خود مینجمنٹ بھی بنا دی۔

انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے 20 کھلاڑیوں کا کہا جبکہ میں نے کہا 18 کھلاڑی جاتے ہیں، مجھےبتایا گیا کہ صدر پی ایچ ایف نے منظوری دے دی ہے۔

حنیف خان کا کہنا ہے کہ جب ٹیم کا اعلان کیا گیا تو اس میں 20 کے بجائے 21 کھلاڑی تھے، ٹیم میں ایک گول کیپر بڑھا دیا گیا، کبھی ہوا ہے کہ 3 گول کیپرز ٹیم کے ساتھ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 2 کھلاڑیوں کے نام پاسپورٹس کے ایشو کی وجہ سے تبدیل کر دیے گئے، ناموں کی تبدیلی کے بارے میں نہ ہیڈ کوچ کو بتایا گیا نہ چیف سلیکٹر کو۔ 

حنیف خان نے کہا کہ یہ تمام معاملات چلا کون رہا ہے اور کس کے ہاتھ میں چیزیں ہیں، ان معاملات کی وجہ سے میں نے ٹیم کے ہمراہ جانے سے منع کردیا، وہاں غیر ملکی کوچ بھی آ جائیں گے، وہ اپنی پلاننگ کریں گے، میں کس کس سے لڑوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم ماحول اور ٹیم اسپرٹ خراب ہونے کی وجہ سے نہیں جا رہا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید