راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی ، ذخیرہ اندوزی اور ناجائزمنافع خوری کے سد باب کیلئے ضلع راولپنڈی کی تمام تحصیلوں میں کل263 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ مجموعی طور پر 21 لاکھ 46 ہزار2 سو روپے جرمانہ عائد کیاگیاہے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولپنڈی نازیہ پروین سدھن نے گرانفروشوں کے خلاف جاری مہم کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی سٹی میں چیکنگ کرکے خلاف ورزی کے مرتکب 64 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائیں جبکہ دو عشروں کے دوران7 لاکھ96 ہزارپانچ سو روپے کا مجموعی جرمانہ عائد کیا گیاجبکہ صدر سب ڈویژن میں 84 ایف آئی آرز کا اندراج ہوا اور 3 لاکھ 62 ہزار روپے کا جرمانہ کیاگیا ۔ کینٹ ایریا میں گرانفروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران 65 ایف آئی آرز درج ہوئیں جبکہ 2 لاکھ 82 ہزار کا مجموعی جرمانہ عائد کیاگیا ۔ اے ڈی سی جی راولپنڈی نے کہاکہ رمضان المبارک کے پہلے دو عشروں کی طرح تیسرے عشرے میں بھی عیدالفطر تک گرانفروشوں اور ناجائزمنافع خوروں کے خلاف چھاپے مار کر کاروائی جاری رہے گی ۔۔دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ڈاکٹر ستائش نے گراں فروشوں کے خلاف مہم میں دو مقدمات درج کرائے ہیں۔جبکہ مختلف دکانداروں کو 23ہزار روپے جرمانہ کیا ۔