بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کردیے ہیں، جبکہ کچھ کھلاڑی بنگلادیش کے میچ کے بعد دستخط کریں گے۔
ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی کاپیاں اتوار کو کولکتا میں موصول ہوگئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کردیے ہیں، بنگلادیش کے خلاف میچ پر توجہ مرکوز رکھنے کی وجہ سے مینجمنٹ نے وقتی طور پر کھلاڑیوں سے دستخط لینے کا سلسلہ روک دیا ہے، باقی رہ جانے والے کھلاڑی بھی آنے والے دنوں میں دستخط کردیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی کھلاڑی نے دستخط کرنے سے انکار نہیں کیا ہے لیکن سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل سی اور ڈی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو معاوضہ میں بہت زیادہ فرق کی وجہ سے کچھ تحفظات ہیں۔
سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 60 لاکھ 30 ہزار روپے اور بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 41 لاکھ 47 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے جبکہ سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 17 لاکھ 65 ہزار اور ڈی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 11 لاکھ 32 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔