امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ امریکا جتنے پیسہ جنگ میں لگاتا ہے دنیا پر لگائے تو غربت ختم ہو جائے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل دہشت گرد ملک ہے، وہ معصوم لوگوں پر حملے کر رہا ہے، غزہ کا 16 سال سے محاصرہ ہے کوئی پوچھنے والا ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے سوال کیا کہ کیا حماس بھی کچھ نہ کرے؟ غزہ میں لوگ روز اسرائیل کی فائرنگ کا نشانہ بنتے ہیں، بغیر جنگ کے بھی اسرائیل ہر سال 100 فلسطینی بچے قتل کر دیتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حماس کی یہ جنگ عالمی قوانین کے مطابق اور انسانیت بچانے کی جنگ ہے، اسرائیل میں ہمت ہے تو حماس کا مقابلہ کرے بچوں پر کیوں بم پھینک رہا ہے؟
جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ اسرائیل روزانہ فلسطینیوں کو مار رہا ہے مگر سب خاموش ہیں، یہ مجاہدوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے صرف بچوں کو مار سکتے ہیں، حماس کی یہ جنگ تمام انسانوں کو بچانے کی جنگ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے کہ اسرائیل کو بچوں پر حملہ کرنے سے روکا جائے لیکن امریکا اندر سے کھوکھلا ہے اس لیے کبھی مزاحمت کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ 200 سال سے امریکا حالت جنگ میں دنیا کو امن کا درس دیتا آیا ہے لیکن جب غزہ کے مسلمانوں پر زمین تنگ کی جا رہی ہے تو امریکا نے اسرائیل کی پشت پناہی جاری رکھی ہوئی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا اندر سے کھوکھلا ہے اسی لیے افغانستان میں بھی اسے شکست ہوئی۔