غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران اقوام متحدہ کے مزید 3 امدادی کارکن مارے گئے۔ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اقوام متحدہ کے 67 امدادی کارکن جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کی گلوبل کمیونیکیشن سربراہ ملیسا فلیمنگ کا کہنا ہے کہ غزہ میں یو این کے سیکیورٹی اور سیفٹی سربراہ سمیر اپنی اہلیہ اور 8 بچوں کے ساتھ اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے۔ ملیسا فلیمنگ کا کہنا ہے کہ کسی بھی تنازعے میں اتنے کم وقت میں یہ اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں کی سب سے زیادہ اموات ہیں۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی UNRWA کے کمشنر جنرل فلیِپ لاز زارنی نے سلامتی کونسل میں کہا کہ غزہ پٹی کے فلسطینیوں نے یہ سمجھنا شروع کر دیا ہے کہ دنیا اُنہیں سویلینز نہیں بلکہ حماس سے تعبیر کر رہی ہے، جو انتہائی خطرناک بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے بیشتر فلسطینی خود کو ایسی جنگ میں پھنسا ہوا محسوس کرنے لگے ہیں جس کا اُن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔