کوئٹہ ( پ ر)کوئٹہ کو درپیش بلدیاتی سماجی معاشرتی مسائل کے حل اور ترقی کے نئے چیلنجز، پائیدار ترقی ،سماجی انصاف جیسے حل طلب مسائل کے لئے کوئٹہ میں کام کرنے والی سیاسی وسماجی تنظیموں کوئٹہ ڈویلپمنٹ محاذ، بلوچستان پیس فورم ، یو سی اتحاد اور بلوچستان ڈویلپمنٹ فورم پر مشتمل نیا اتحاد کوئٹہ ڈویلپمنٹ پینل کا انتخاب کیا گیا ۔ان تنظیموں کا مشترکہ اجلاس نوابزادہ لشکری رئیسانی کی صدارت میں ہوا جس میں کوئٹہ کے بلدیاتی مسائل پر بحث کی گئی اور وقت کی نزاکت اور حالات کے پیش نظر شہر کو مسلسل نظر انداز کرنے لوٹ مار کرپشن سے پاک کرنے کے لئے شہریوں کے وسیع تر مفاد میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پینل کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے کنوینر نوابزادہ لشکری رئیسانی منتخب ہوئے جبکہ مرکزی سٹیئرنگ کمیٹی بنائی گئی جس میں عبدالمتین اخوندزادہ، رضا الرحمٰن، جانان اچکزئی، نذر بڑیچ، رضا وکیل ،سردار حبیب بڑیچ ودیگر شریک رہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی لشکری رئیسانی ،عبدالمتین اخوندزاددہ رضا الرحمان اور جانان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ و مضافات کی مجموعی ترقی و خوشحالی اور فرائض و اختیارات میں توازن و اعتدال پیدا کرنے کے لئے سماجی و سیاسی تحریک کی ضرورت ہے جسے ٹیکنیکل بنیادوں پر استوار ورکنگ گروپس کے ذریعے لاکھوں انسانوں کی خوشحالی اور ترقی و توانائی لانے کے لئے استعمال کریں گے - اس موقع پر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پینل کے پلیٹ فارم پر یکسو ہو کر بلدیاتی اداروں کے اختیارات حاصل کرنے اور پالیسیاں تشکیل دینے کے ساتھ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔