الشفا اسپتال غزہ کے منیجر کا پیغام پڑھتے ہوئے برطانوی ڈاکٹر رو پڑیں۔
برطانیہ کی ایک خاتون ڈاکٹر شدت جذبات سے اس وقت رو پڑیں جب وہ الشفا اسپتال غزہ کے طبی حکام کی جانب سے دیا گیا ایمرجنسی پیغام پڑھ رہی تھیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے ہیلتھ ورکرز کا ایک گروپ فلسطینی میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کر رہا ہے اور انہوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرز بھی اٹھائے ہوئے ہیں جس میں غزہ میں شہید ہونے والے طبی عملے اور ڈاکٹرز کے نام لکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں الشفا اسپتال کے منیجر محمد ابو سلمیہ نے بتایا ہے کہ اسپتال کے اطراف ہر شخص کو اسرائیلی طیارے اور اسنائپرز نشانہ بنا رہے ہیں۔
الشفا اسپتال کے منیجر محمد ابو سلمیہ نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم زخمیوں کو اٹھانے کے لیے اسپتال سے باہر بھی نہیں جا سکتے۔
الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ہم موت سے صرف چند گھنٹے دور ہیں اور دنیا ہمیں مرتے ہوئے دیکھ رہی ہے، اسپتال کے اندر مریض اور بچے مرنا شروع ہوگئے ہیں۔
الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اسپتال کی نرسری میں بچے اور آئی سی یو میں مریض بجلی نہ ہونے سے مر رہے ہیں، بجلی منقطع ہونے کے بعد سردی کے باعث نرسری وارڈ میں ایک بچہ دم توڑ گیا ہے۔
ڈائریکٹر الشفا اسپتال کا کہنا تھا کہ الشفا کمپلیکس کے اندر پناہ گزینوں کے خیموں میں آگ لگ گئی ہے، آگ پورے میڈیکل کمپلیکس میں پھیلنے کا خطرہ ہے۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے الشفا میڈیکل اسپتال کے اندرونی صحنوں کو نشانہ بنایا ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ میں انڈونیشین اسپتال پر بھی اسرائیلی فورسز نے حملہ کیا ہے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق انڈونیشین اسپتال میں تمام سرجیکل آپریشنز رک گئے ہیں۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق وسطی غزہ میں نصیرات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں 6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔