رواں سال کے آغاز میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ حرا خان نے بچے سے متعلق سوال کرنے پر مداح کو اخلاقیات و تمیز کا سبق سکھا دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ نے سوال و جواب کا سیشن رکھا تو اس دوران ایک مداح نے ان سے سوال پوچھا کہ آپ کے ہاں بچہ کب ہو گا؟
انسٹا اسٹوری پر اس طرح ذاتی نوعیت کا سوال آنا تھا کہ حرا خان برہم ہو گئیں اور انہوں نے مداح کو جھاڑ پلا دی اور کہا کہ یہ باتیں ایسے نہیں پوچھا کرتے، یہ جوڑے کی نجی باتیں ہوتی ہیں۔
حرا خان نے کہا کہ میرے ہاں بچہ جب بھی ہو گا سب کو پتہ چل جائے گا، ایسے سوالات بہت نجی ہوتے ہیں جو لوگوں کو اپنے خاندان والوں سے بھی نہیں پوچھنے چاہئیں، آپ تو سیدھا میری انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے مجھ سے یہ سوال پوچھ رہے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ آپ کے گھر میں یا آس پاس کسی کی شادی ہو یا کوئی جوڑا ہو تو ان سے بھی ایسے سوال نہیں پوچھا کریں، یہ اخلاقی دائرے میں نہیں آتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے معاشرے میں یہ بہت بڑا مسئلہ ہے کہ لوگوں کو اپنی حدود نہیں معلوم، انہیں تمیز ہی نہیں کہ کیا پوچھنا چاہیے اور کیا نہیں پوچھنا چاہیے، یہ جوڑے کی بہت نجی باتیں ہوتی ہیں۔