• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

26 نومبر احتجاج، PTI کے عدالت سے ڈسچارج درجنوں ملزمان دوبارہ گرفتار

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) 26 نومبر احتجاج کے مقدمے میں تحریک انصاف کے عدالت سے ڈسچارج درجنوں ملزمان کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، اس موقع پر جو جوڈیشل کمیشن کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، گرفتاری پر ملزمان کے اہلخانہ نے شور مچایا، پولیس نے صحافیوں کو کوریج سے روکا، مقدمات پر مقدمات بنانے کی دھمکیاں دیں، دوبارہ گرفتاری پرملزمان کے وکلاء نے جج کو آگاہ کردیا..

جج ابوالحسنات نے ملزمان کو ڈسچارج کرتے ہوئے کہا اگر پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کیا تو ذمہ دار پولیس اہلکاروں کو عدالت کے اندر ہی ہتھکڑیاں لگوا دونگا۔ ہفتے کے روز خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے مجموعی طور پر 81 ملزمان کو مقدمات سے ڈسچارج جبکہ تھانہ کوہسار کے 48ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ 

قبل ازیں جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے مقدمات کی سماعت کی تو ملزمان کو عدالتی اوقات ختم ہونے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جس پر فاضل جج نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے پولیس کو احکامات جاری کیے کہ آدھ گھنٹہ کے اندر اندر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے ورنہ آئی جی اسلام آباد کو طلب کرلیا جائیگا۔ 

بعد ازاں پولیس نے مختلف تھانوں میں درج مقدمات کے مجموعی طور پر 129ملزمان کو پیش کیا تو وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے تھانہ کوہسار کے 48 ملزمان کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیاجبکہ تھانہ کھنہ کے 54، تھانہ آئی نائن کے 16 اور تھانہ کوہسار کے 11 ملزمان کو کیس سے ڈسچارج کرتے ہوئے کہاکہ اگر پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کیا تو ذمہ دار پولیس اہلکاروں کو عدالت کے اندر ہی ہتھکڑیاں لگوا دونگا۔

تاہم پولیس نے ڈسچارج ہونے والے ملزمان کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سے پھر دوبارہ گرفتار کرلیا، پولیس نے صحافیوں کو کوریج سے روکا اور انہیں ڈی چوک احتجاج ہی کے مقدمہ میں ہی پھنسا دینے کی دھمکیاں بھی دیں، ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے ڈسچارج ہونے والے ملزمان کی دوبارہ گرفتاری پر عدالت کو آگاہ کر دیا۔ 

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے تحریک انصاف کے سنگجانی جلسہ کے دوران توڑ پھوڑ کیس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انکی عبوری ضمانت میں توسیع کردی ہے جبکہ احتجاج کے تناظر میں گرفتار 8 کم عمر بچوں کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔ ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت نے ڈی چوک احتجاج میں گرفتار 20پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنان کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا ہے.

اہم خبریں سے مزید