• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریما خان کا ناصر ادیب کو ڈَھکے چُھپے الفاظ میں کرارا جواب

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ ماضی کی معروف اداکارہ ریما خان نے اپنے متعلق مصنف ناصر ادیب کے متنازع بیان پر دبے الفاظ میں لب کشائی کر دی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے گزشتہ روز مختلف پوسٹ اور ویڈیو شیئر کی ہیں۔

انہوں نے پہلی پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا ہوا ہے کہ ’اپنے آپ کو اشرف المخلوقات اس وقت کہیں جب آپ کے شر سے باقی مخلوق محفوظ ہو‘۔

اداکارہ نے اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ اللّٰه پر توکل کرنا، اس کے فیصلے پر راضی رہنا، اس کے امر کو تسلیم کرنا اور اپنے معاملات اس کے سپرد کرنا ایمان ہے۔

انہوں نے دعاگو ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ اے پاک پروردگار ہمیں ایمان کی پختگی عطا فرما، ہماری غلطیوں، غفلتوں، نادانیوں کوتاہیوں، کمزوریوں، خطاؤں، گناہوں، برائیوں اور نافرمانیوں کو معاف فرما، بے شک تو‎ بہت ‎بڑا مہربان اور بے حد رحم کرنے والا ہے۔ آمین

بعد ازاں ریما خان نے گزشتہ روز ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کیپشن میں لکھا ہے کہ اتنی بڑی کائنات میں ایک نقطے جتنی زمین کے بھی چھوٹے سے ٹکڑے پہ محض تھوڑے سے وقت کے لیے ایک چھوٹا سا انسان، ذرا سا اختیار، ذرا سی کامیابی، ذرا سی طاقت اور ذرا سی حکمرانی لے کر کیسے اپنی اصل کو بھول جاتا ہے؟ جبکہ اللّٰہ اس چھوٹے سے ٹکڑے پر ہمیں یاد رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اللّٰہ پاک ہمیں اس مختصر سے وقت میں زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کرنے اور اپنے اصل مقصد کو سمجھنے کی توفیق عطاء فرماۓ۔ آمین

اداکارہ نے پوسٹ میں اور ویڈیو میں کسی کا نام تو نہیں لیکن انہوں نے مصنف ناصر ادیب کی جانب سے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا بھرپور انداز میں جواب دیا ہے اور کہا ہے کہ زندگی موت، رزق تنگ دستی اور عزت ذلت کا اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے کسی انسان کو اس پر قدرت حاصل نہیں لیکن پھر بھی کچھ لوگ اس پر قادر ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ چند دن قبل مصنف ناصر ادیب نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے اداکارہ ریما خان کے ماضی کے بارے میں مختلف انکشافات کیے تھے۔

ان کے اس متنازع بیان پر شوبز انڈسٹری کے کئی فنکاروں کی جانب سے شدید تنقید بھی کی گئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید